پڈوبیدری: 29/جولائی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے66پر پڈو بیدری کے قریب موٹر بائک بس سے ٹکرانے کی وجہ سے بائک سوار اویناش دیواڈیگا (۲۸ سال)موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ہے۔موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اویناش اپنی بائک پرمنگلورو کی طرف جارہاتھا کہ پڈوبیدری پٹرول بنک کے پاس سامنے سے آنے والی ایک بس نے اس کی موٹر بائک کوٹکر ماری۔تصادم اس قدر شدید تھا کہ بائک سوار اویناش بس کے اندر گھس گیا اوراس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اویناش کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ گلف میں ملازمت کررہاتھا اور کچھ ہی دنوں پہلے اپنے گھرآیا ہواتھا۔
اس حادثے کے دوران اسی مقام پر ایک اور حادثہ ہوگیا۔ بائک سوار کو بس ٹکرمارنے کا منظر دیکھتے ہی اس کے پیچھے چلنے والے ایک ٹپر کے ڈرائیور نے بڑی عجلت میں اپنی گاڑی کو بریک لگائے تو ٹپر کے پیچھے آرہی ایک اور بس اس سے ٹکرا گئی۔ اس سے کسی کو زخم تو نہیں آئے مگر بس کو کافی نقصان پہنچا ہے۔